اسلام آباد: (دنیا نیوز) شوگر ایڈوائزری بورڈ نے 40 ہزار میٹرک ٹن چینی تاجکستان کو برآمد کرنے کی سفارش کر دی۔
شوگر ایڈوائزری بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے مانیٹرنگ شوگر ایکسپورٹ کا مشترکہ اجلاس وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار چینی کی برآمد کا معاملہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو پیش کرے گی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ای سی سی کو ملک میں شوگر انڈسٹری کی تازہ ترین اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کی برآمد کی اجازت منسوخ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ای سی سی کرے گی۔۔
رانا تنویر حسین نے مزید بتایا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ایکسپورٹ کی مدت 45 دن سے بڑھا کر 60 کرنے کی سفارش کر ذی ہے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کی ایکس ملز قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، چینی کی ریٹیل پرائس سے کوئی تعلق نہیں، حکومت ریٹیل قیمت برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کرے۔