اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وانگ فوکانگ کی سربراہی میں 12 رکنی اعلیٰ سطح کے چینی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل کے ساتھ ساتھ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
چینی وفد وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد چین کے پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کیلئے پاکستان کے دورے پر ہے، 12 رکنی چینی وفد میں 10 مختلف وزارتوں کے نمائندے شریک ہیں، وزیرِ اعظم نے چینی قیادت صدر شی جنپنگ اور پریمیئر لی چیانگ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی وفد کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں آپ کا خیرمقدم کرکے خوشی ہورہی ہے، پاکستان چین کیساتھ صنعت ودیگر شعبوں میں ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے، بشام واقعہ کے بعد چینی بھائیوں کی سکیورٹی مزید بہتر کی گئی ہے۔
چینی ماہرین کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اشتراک و تعاون اور پاکستان کی برآمدات کے فروغ پر اپنی آراء پیش کرے گا، چینی وفد پاکستان میں مختلف وزارتوں، شعبے کے ماہرین سے ملاقاتیں اور مختلف جگہوں کا دورہ کرے گا۔
چینی وفد انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات اور کان کنی، سپیشل اکنامک زونز اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تجاویز دے گا۔
وزیرِ اعظم نے اپنی ابتدائی گفتگو میں وفد کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، سربراہ چینی وفد وانگ فوکانگ نے کہا کہ باہمی تکنیکی تعاون سے پاک، چین سٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، مثالی مہمان نوازی پر پاکستان کے مشکور ہیں۔