اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے طبیعت ناساز ہونے کے باعث دورہ ایران ملتوی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی طبیعت گزشتہ روز اچانک ناساز ہو گئی جس کی وجہ سے انہوں نے اپنی تمام مصروفیات منسوخ کر دی تھیں، ڈاکٹرز نے وزیر اعظم کو مکمل آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کی پذیرائی
ذرائع کے مطابق طبیعت ناسازی کے باعث وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے دورہ ایران بھی ملتوی کر دیا، وزیر اعظم نے نو منتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران جانا تھا۔
وزیر اعظم کی جانب سے دورہ ملتوی کرنے کے بعد اب نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار وفد کے ہمراہ آج ایران پہنچیں گے، اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان کا وفد ایران کے نئے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے ایران کے منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا دورہ ایران دونوں ممالک کی قیادت کی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔