اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے علاقے خان یونس میں جاری اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خان یونس میں اسرائیل کی بربریت کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں، خان یونس کے محاصرے سے علاقے میں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:قوم ملکی دفاع کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتی: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں اپنے بیان میں فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھرپور آواز اٹھائی، ہم یہ مطالبہ دہراتے ہیں کہ عالمی عدالتی انصاف کے فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے حالیہ فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اب تک پاکستان سے پاکستان ایئر فورس کے 6 جہازوں کے ذریعے 1200 ٹن اور 3 بحری جہازوں کے ذریعے 1500 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا ہے، پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلباء کیلئے خصوصی انتظام کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرتے ہوئے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے، پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔