ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے فوری کام کی ضرورت ہے: وزیراعظم

Published On 28 July,2024 01:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام، تشخیص اور علاج کیلئے فوری کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ہیپاٹائٹس سے آگاہی کے عالمی دن پر شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش وبا ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتی ہے، اس بیماری کو ختم اور صحت مند مستقبل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر 6 کروڑ ہیپاٹائٹس سی کیسز میں سے ایک کروڑ متاثرہ کیسز پاکستان میں ہیں، خدشہ ہے کہ اگر خاتمے کیلئے ضروری اقدامات نہ کئے تو ہم جگر کے کینسر کی وبا بھی دیکھ سکتے ہیں، بحیثیت قوم ہم نے آگاہی مہموں، ویکسی نیشن کے ذریعے بیماری سے نمٹنے میں اہم پیش رفت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا، پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس کے حوالے سے جدید فلٹرقائم کئے گئے، حکومت ہیپاٹائٹس کی وجہ سے درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کو ختم کرنے کیلئے ملک گیر مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، یقین دلاتا ہوں کہ ہر شہری کو ہیپاٹائٹس سی کیلئے سکریننگ اور علاج کی سہولیات تک مفت رسائی حاصل ہوگی، ہم سب مل کر ایک صحت مند اور زیادہ خوشحال قوم بن سکتے ہیں۔