اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ویزا رجیم میں نرمی سے بیرونی سرمایہ کاری، سیاحت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بیرونی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور سیاحوں کے لئے ویزا کے حصول کو سہل اور آسان بنانے کے حوالے سے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا، عالمی برادری ذمہ داریاں پوری کرے: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزا رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے، گلف کوآپریشن کونسل کے ممالک کی کاروباری شخصیات کے لئے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ویزا فری انٹری کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے، 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قوم ملکی دفاع کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتی: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان بیرون ممالک کے افراد کیلئے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے لئے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کے نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا، پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لئے جنت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے چیئرمین زھانگ بن کی قیادت میں چینی کمپنی کے وفد کی ملاقات
وزیراعظم نے کہا کہ نئی ویزا رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو کہ موخر الذکر ممالک کے حوالے سے ویزا فری انٹری، بزنس ویزا لسٹ اور ٹورسٹ ویزا آن ارائیول کی نگرانی کرے گا اور جائزہ رپورٹ فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی ویزا رجیم پر وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔