کراچی :(دنیا نیوز) ورلڈ بینک نے صوبہ سندھ میں سولر سسٹم کے 2 لاکھ یونٹس تقسیم کرنے کے منصوبے کی توثیق کردی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بین ہیسن وفد سمیت شریک ہوئے، وزیر توانائی ناصر شاہ نے ورلڈ بینک ٹیم کو 2 لاکھ سولر یونٹس کی تقسیم سے متعلق بریف کیا۔
اجلاس میں ورلڈ بینک کے جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے 3.4 ارب ڈالرز کے 14 منصوبے جاری ہیں، میں خود ہر منصوبے کی پیش رفت کی نگرانی کرتا ہوں، تمام منصوبہ بندی کے عمل میں منصوبوں کی پیش رفت پی اینڈ ڈی ورلڈ بینک کے ساتھ شیئر کرتا ہے۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ چھ اگست کو جام صادق پل کے خاکے کو حتمی شکل دی گئی ہے، حتمی ڈیزائن میں کچھ تاخیر ہوئی ہے جس کو مکمل کرنے کے لیے میں نگرانی کر رہا ہوں۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ لوکل کونسلز کے 9.68 ملین ڈالرز کے کام مکمل ہوچکے ہیں، ٹاؤنز کی استعداد کار میں اضافے پر کام کیا جا رہا ہے، پراپرٹی ٹیکس کے سروے کے لیے فرم ہائر کی گئی ہیں اور تیس اگست سے کام شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے 2 لاکھ گھروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔