اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت یوریا کی دستیابی کے حوالے سے اجلاس دفتر خارجہ میں منعقدہ ہوا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں رانا تنویر، مصدق ملک، جام کمال، احد چیمہ، متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں موجودہ خریف کے دوران یوریا کی دستیابی اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
آنے والے ربیع سیزن کے دوران گندم کی بوائی کیلئے کھاد کی وافر مقدار اور مناسب قیمت پر دستیابی پر غور کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرولیم ڈویژن سے تمام فرٹیلائزر پلانٹس کو ربیع سیزن کیلئے گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، گیس کی مسلسل فراہمی سے کھاد کے پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چل سکیں گے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پیداوار اور بفر سٹاک کے ساتھ یوریا بیگ کی قیمت مستحکم رہے گی، اسحاق ڈار نے کہا کہ صوبائی حکومتیں مارکیٹ کی نگرانی میں مزید اضافہ کریں، قیمتیں برقرار رکھ کر منافع خوروں کو کوئی موقع نہ دیا جائے۔