سعودی عرب کا پاکستان کیلئے بین الاقوامی روٹس پر 50 فیصد رعایت کا اعلان

Published On 23 August,2024 07:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی قومی فضائی ایئرلائن سعودیہ نے پاکستان کیلئے بین الاقوامی روٹس پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا۔

ترجمان سعودیہ ایئرلائن نے کہا ہے کہ ایئر لائن نے جدہ اور ریاض پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے کرایوں کی مد میں 50 فیصد پروموشنل پیشکش کا اعلان کیا ہے۔

سعودیہ ایئر لائن کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام سعودیہ کی جانب سے اپنے مسافروں کو سال بھر خصوصی ڈیل اور مسابقتی نرخوں کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان سعودیہ ایئرلائن نے کہا کہ یہ پیشکش پاکستانی مسافروں کو سعودی ممالک سے جوڑے گی، سعودیہ مسافروں کو مملکت میں 96 گھنٹوں تک قیام، مختلف علاقوں میں سفر اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہو گی۔

سعودیہ ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پاکستانی مسافر پیشکش سے فائدہ اٹھانے اور یکم ستمبر سے 30 نومبر تک سفر کے لیے 31 اگست تک ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں۔