ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے امریکہ، مصر اور قطر کی جانب سے اسرائیل اور حماس کو 15 اگست کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی دعوت دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں جنگ بندی تک پہنچنے اور غزہ میں بگڑتے انسانی حالات سے نمٹنے کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی مسلسل کوششوں کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
سعودی عرب نے خونریزی روکنے، مصائب کے خاتمے ، شہریوں کے تحفظ ، اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے، امن وسلامتی کے حصول اور فلسطینی عوام کو ان کے مکمل جائز حقوق دینے کے لیے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ امریکی، قطری اور مصری ثالثوں نے 10 ماہ سے جاری جنگ میں دوسری جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔
جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں تینوں ممالک کے رہنماؤں نے متحارب فریقوں کو 15 اگست کو دوحہ یا قاہرہ میں دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی دعوت دی۔
نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ اسرائیل 15 اگست کو ایک مذاکراتی ٹیم کو ’متفقہ جگہ پر بھیجے گا تاکہ معاہدے پر عمل درآمد کی تفصیلات طے کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملے میں اب تک 39 ہزار 699 فلسطینی شہید اور 80 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔