اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کر دی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارک ہو، پاکستان نے اصلاحات کی ہیں جس سے معیشت بہتر ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے باعث پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے، معیشت کی گروتھ اور مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان کی حکومت کا ہدف امیروں سے ٹیکس لینا اور غریبوں کی مدد کرنا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالرز کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔