کراچی:(دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ چھوٹے کاروبار کی ترقی کے بغیر پاکستان کی معیشت مضبوط نہیں ہوسکتی۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ستر سال میں چھوٹے کاروبار کو اہمیت نہیں دی گئی، پاکستان میں صرف بڑے کاروبار کو اہمیت اور ترجیح دی گئی ہے ، ہمیں دیگر ممالک کی طرح چھوٹے طبقے اور کاروبار کو اہمیت دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بھی اس ملک میں اپنے اختیارات اور وسائل کا علم ہو جائے تو وہ مالا مال ہوسکتا ہے، کراچی کی فرنیچر مارکیٹ بھی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتی ہے، لیکن بدقسمتی سے یہاں پارکنگ کا ایشو ہے، ڈی آئی جی ٹریفک سے بھی کہوں گا کہ وہ بھی ٹریفک کے ایشوز کو درست کریں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار کے نقصان کی وجہ سے ملک آئی ایم ایف کے چنگل میں پھنس گیا، پاکستان کے پاس سب کچھ ہے یہاں وسائل اور ٹیلنٹ کی بھی کمی نہیں، نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ وہ مایوس نہ ہوں اور محنت کرتے رہیں، سب ٹھیک ہو جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ وسائل ہمارے ہیں، جب تک یہ ایک ایک تک نہ پہنچ جائیں، چین سے نہیں بیٹھوں گا، یہ صوبہ اور شہر آئندہ آئی ٹی کا شہر کہلائے گا، جنوری میں میراتھون ہوگا جس کا برانڈ ایمبیسڈرارشد ندیم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ بھی جلد حل ہونے جارہا ہے، فی یونٹ مہنگائی بھی کم ہونے جارہی ہے، سود بھی ڈبل ڈیجٹ سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ آ جائے گا، منزل ہمارا انتظار کر رہی ہے اور ہم منزل تک ضرور پہنچیں گے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ یہ صوبہ اور شہر ہمارا ہے، آزادی کو دوسرے کے ہاتھ میں نہیں دیں گے، اپنے آپ کو کرایہ دار نہ سمجھیں، آپ مالک ہیں، اپنے اندر اتحاد اور یکجہتی قائم رکھیں منزل آپ کا مقدر ہے آپ کا انتظار کر رہی ہے۔