اسلام آبادایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ معاملہ، ترک کمپنی کی دستاویز اور بولی منظور

Published On 08 October,2024 05:13 pm

کراچی:(دنیا نیوز)اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی بولی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ترکیہ کی کمپنی کی دستاویز اور بولی کو تکنیکی طور پر منظور کرلیا گیا۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کراچی میں اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کے لیے بڈز جمع کرادیئے گئے، دو کمپنیوں کے نمائندوں کے تاخیر سے آنے پر ان کو تکنیکی طور آؤٹ کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ کی کمپنی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے لیے سب سے زیادہ بولی دی، ٹینڈر کاعمل سیکرٹری ایوی ایشن احسن منگی کی صدارت میں جاری رہا، اسلام آباد ایئرپورٹ کے لئے ترکیہ کی کمپنی کے دستاویز کی جانچ پڑتال کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

سول ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کے لئے ترکیہ کمپنی کی پیشکش کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں آج پیش کیا جائے گا، بورڈ کی منظوری ملنے کی صورت ترکیہ کمپنی کو اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ پر حوالے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے ٹینڈر کھلنے کے حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظوری بھی لی جائے گی، آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے سیکرٹری ایوی ایشن احسن منگی وزیراعظم کو آج آگاہی دیں گے۔

واضح رہے حکومت اسلام آباد ایئرپورٹ کے بعد کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کو بھی آؤٹ سورس کرنے ارادہ رکھتی ہے، 7 اکتوبر اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی بڈنگ کے لیے دستاویزات جمع کرانے اور بڈ اوپن کرنے کی آخری تاریخ تھی۔







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے