پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

Published On 13 October,2024 10:54 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں بھی 16 اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 3 روپے 95 پیسے تک بڑھ سکتی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 26 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

اوگرا 14 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کرے گا اور آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کی سمری وزارت خزانہ کوارسال کرے گا۔

وزارت خزانہ 15 اکتوبرکو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، عالمی منڈی میں عرب لائٹ خام تیل کی قیمت 79.27 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ آئندہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔