پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

Published On 30 October,2024 10:17 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 800 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 91 ہزار 800 پوائنٹس کی سطح سے تجاوز کر گیا۔

بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں کمی واقع ہونے لگی، ہنڈرڈ انڈیکس 300 سے زائد پوائنٹس کے ساتھ 91 ہزار 170 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ٹریڈنگ کے دوران سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 100 انڈیکس 668 پوائنٹس اضافے کیساتھ 90 ہزار 864 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 22 ارب 9 کروڑ 28 لاکھ 81 ہزار 507 روپے مالیت کے 25 کروڑ 68 لاکھ 74 ہزار 960 شیئرز کا لین دین ہوا۔

دوسری جانب خیال کیا جا رہا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جاری اضافہ متعدد مثبت اشاریوں کی وجہ سے ہوا ہے۔

نومبر میں شرح سود میں کمی کی امیدیں
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اضافہ نومبر میں پالیسی ریٹ میں کمی کی امیدوں کی وجہ سے رہا ہے جس کا اشارہ کچھ دن پہلے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی دیا تھا۔

مارکیٹ ماہرین کا خیال ہے کہ اس سال کے آخر تک شرح سود کو 14 فیصد تک لایا جائے گا کیونکہ یورپی مرکزی بینک (ای سی بی) اور امریکی فیڈرل ریزرو بھی افراط زر کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے شرح سود میں کمی کر رہے ہیں۔

ایس سی او سمٹ
اس کے علاوہ رواں ماہ کے وسط میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں عالمی مہمانوں کی اسلام آباد آمد نے بھی دنیا کو مثبت اشارہ دینے میں مدد فراہم کی کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان محفوظ جگہ ہے۔

آئی ایم ایف کا قرض اور سعودی سرمایہ کاری کے امکانات
اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 بلین ڈالر مالیت کی ایک اور توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی حالیہ منظوری اور سعودی تاجروں کی جانب سے اسلام آباد کے اپنے حالیہ دورہ کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھایا ہے۔

مزید برآں اسلامک ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) سے تین سال کی مدت کیلئے کموڈٹی فنانسنگ کیلئے 3 بلین ڈالر کی منظوری بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رفتار کو بلند رکھنے میں اہم ثابت ہوئی ہے۔