لاہور: (سامیا سعید) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ سے بچاؤ کے لیے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جتن کرنا شروع کردیئے۔
گزشتہ سالوں کی نسبت رواں برس ایئر پیوریفائرز کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو گیا، مانگ میں اضافے کے ساتھ ہی قیمتیں بھی بڑھ گئیں، مارکیٹ میں ایئر پیوریفائرز کی قیمت 28 ہزار سے لے کر دو لاکھ تک جا پہنچی۔
دکانداروں کے مطابق ایئرپیوریفائر کے اندر چار فلٹرز لگے ہوتے ہیں جو آلودہ ہوا کو کھینچ کر اس کے ذرات فلٹر کر کے صاف ہوا فراہم کرتا ہے، اس سال ایئر پیوریفائرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ایئر پیوریفائرز کی قیمت 28 ہزار سے شروع ہو کر دو لاکھ تک جاتی ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے اب صاف ہوا میں سانس لینے کے لیے بھی پیسے ادا کرنا ہوں گے۔
ادھر پنجاب کے تمام اضلاع میں سموگ سے نمٹنے کیلئے ایئر پیو ریفائرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
پنجاب کے تمام شاپنگ مالز کو ایئر پیو ریفائرز لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ڈویژنز میں خراب ایئر کوالٹی انڈیکس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔