اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے پرائیویٹائزیشن کمیشن کی نجی کمپنی کی جانب دس ارب کی بولی کو مسترد کرنے کی سفارش منظور کرلی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں نجکاری، صنعت و خوراک، تجارت، بجلی، وزارت خزانہ اور محصولات کے وزراء شریک ہوئے، کابینہ کمیٹی میں مختلف ڈویژنز کے وفاقی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پرائیویٹائزیشن کمیشن کی نجی کمپنی کی جانب سے پی آئی اے کی 60 فیصد شیئرز کی بولی کو مسترد کرنے پر غور کیا گیا۔
کابینہ کمیٹی نے پی آئی اے کی نجکاری یا جی ٹو جی موڈ کے ذریعے الگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، کمیٹی نے پی آئی اے کی ایوی ایشن ڈویژن کے فنانس جائزے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے وزیر مملکت برائے خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی، تشکیل شدہ کمیٹی روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری اور قانون کے تحت راستوں کا جائزہ لے گی۔
نجکاری کمیٹی نے اگلے اجلاس سے قبل سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی فروخت کے معاہدے کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔