نومبر میں ایف بی آر کو 140 ارب روپے سے زائد کے ریونیو شارٹ فال کا خدشہ

Published On 29 November,2024 02:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رواں ماہ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو 140 ارب روپے سے زائد کے ریونیو شارٹ فال کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر ماہ نومبر کیلئے ایک  ہزار 3 ارب روپے کا ہدف حاصل نہیں کر سکے گا، جولائی سے نومبر کا ریونیو شارٹ فال 333 ارب روپے سے متجاوز ہو سکتا ہے، ایف بی آر کی رواں ماہ کیلئے 850 یا 860 ارب روپے تک ریونیو کلیکشن ہو سکتی ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر دسمبر کیلئے مزید سخت ریونیو ہدف مختص کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کو جولائی سے اکتوبر تک 190 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا رہا، جولائی سے ستمبر 92 ارب اور اکتوبر کے دوران 100 ارب روپے تک کا شارٹ فال رہا، دسمبر تک ریونیو شارٹ فال پورا نہ ہوا تو 2025 کے شروع میں ہی منی بجٹ لایا جائے گا۔

مزید برآں ایف بی آر کو جولائی سے نومبر تک 4635 ارب روپے اکٹھے کرنا تھے، ایف بی آر جولائی سے نومبر تک صرف 4300 ارب روپے تک ریونیو اکٹھا کر سکے گا۔