کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک کی پاکستان کے دورے پر آئے ’الائنس فار فنانشل انکلوژن‘ کےچیف ایگزیکٹو ڈائریکٹر الفریڈ ہانگ سے ملاقات ہوئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جمیل احمد نے ملاقات میں 2024ء تا 2028ء مالی شمولیت کی قومی حکمت عملی کے تیسرے ایڈیشن کا ذکر کیا، ملاقات میں ڈجیٹل ادائیگیوں، مالی خواندگی، پائیدار قرضوں اور ایم ایس ایم ایز کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
سٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ فریقین نے بینکاری خدمات سے یکسر محروم اور نیم محروم طبقات کی فلاح و بہبود کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ عالمی اور ملکی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مالی شمولیت کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک ڈیجٹلائزیشن کے ذریعے مالی شمولیت بڑھانے اور مالیاتی شعبے میں صنفی فرق کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، ڈاکٹر ہانِگ نے مالی شمولیت پالیسی کے اہداف کے حصول کے لئے جنوبی ایشیا میں ریگولیٹرز کی استعداد بڑھانے کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔
چیف ایگزیکٹو اے ایف آئی ڈاکٹر الفریڈ ہانِگ نے کہا کہ پاکستان میں مالی شمولیت کے فرو غ میں سٹیٹ بینک کا قائدانہ کردار قابل ستائش ہے، مالی شمولیت پالیسی کے نفاذ میں مؤثر سائبر سکیورٹی لچک اور صارفین کا تحفظ بھی پیشِ نظر ہونا چاہئے۔