حکومت کا گیس کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Published On 26 January,2025 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا گیا جبکہ گھریلو، کمرشل صارفین، سی این جی، سیمنٹ، فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے قیمتیں برقرار رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یکم فروری 2025 سے کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمت 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی، کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے کم سے کم چارجز 36 ہزار 653 روپے فی ماہ مقرر کئے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا روٹی تندور، جنرل انڈسٹری اور دیگر کیٹیگریز کے صارفین کیلئے بھی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

واضح رہے کہ ای سی سی نے گزشتہ روز کیپٹو انڈسٹری کیلئے گیس قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی جبکہ گھریلو اور دیگر صارفین کیلئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔