اسلام آباد: (مدثر علی رانا) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مطالبہ کیا ہے کہ اخراجات میں کمی کیلئے رائٹ سائزنگ اقدامات پر بروقت عملدرآمد کیا جائے۔
آئی ایم ایف سے کیبنٹ ڈویژن، وزارت خزانہ اور سیکرٹری کیبنٹ کے رائٹ سائزنگ پر مذاکرات ہوئے، آئی ایم ایف نے آئندہ سہ ماہی میں ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے پلان بھی طلب کر لیا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریونیو شارٹ پر کوئی گنجائش نہیں، آئندہ سہ ماہی میں 3 سو ارب کا شارٹ فال پورا کیا جائے، ایف بی آر کمپلائنس رسک مینجمنٹ اور رسک امپرومنٹ پلان کے تحت اقدامات کرے۔
دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف وفد کو بڑے شہروں میں ٹیکس نیٹ سے باہر بڑے ریٹیلرز پر بریفنگ دی گئی، اسلام آباد، کراچی، لاہور میں ہائی رسک کیسز کی تفصیلات پر آئی ایم ایف نے ریکوری کی ہدایت کی، اسلام آباد، کراچی، لاہور میں ہائی رسک کیسز سے ریکوری کیلئے اقدامات پر وفد کو بریفنگ بھی دی گئی۔
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ہائی رسک کیسز سے ریکوری سے ریونیو شارٹ فال پورا کیا جائے۔
دستاویز کے مطابق وزارت توانائی، پٹرولیم کیساتھ مذاکرات میں پاور اور پٹرولیم سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اسلامک بینکنگ کے اقدامات اور طریقہ کار پر آئی ایم ایف وفد کیساتھ بات چیت ہوئی۔
سٹیٹ بنک کیساتھ ری فنانس سکیم ٹرانزیشن اینڈ ڈویلپمنٹ فنانس پر بات چیت ہوئی جبکہ آئی ایم ایف نے بینکنگ کیلئے آپریشنلائزیشن آف بنک ریزولیشن فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا۔