حکومت ٹیکسوں، توانائی اور مالیات سے متعلق اہم مسائل حل کرے گی: وزیر خزانہ

Published On 06 March,2025 08:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے اپٹما کے وفد نے ملاقات کی، وزیر خزانہ نے ٹیکسٹائل شعبے کی ترقی اور طویل مدتی پائیداری کیلئے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ٹیکسوں، توانائی اور مالیات سے متعلق اہم مسائل کو حل کرے گی، صنعتی شعبے کی طویل مدتی پائیداری اور مستقبل کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل صنعت کے مسائل حل کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین اپٹما نے ٹیکسٹائل شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اپٹما کی سفارشات کا تفصیل سے جائزہ لے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ قابل عمل تجاویز کو وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے گا، موجودہ فریم ورک میں جو بھی خامیاں ہیں، انہیں دور کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران اپٹما وفد نے ٹیکس ریفنڈ کی جلد ادائیگی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔