بجلی قیمتوں میں ریلیف، گھریلو صارفین کے بل میں کتنی کمی ہوگی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

Published On 04 April,2025 12:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بجلی کی قیمتوں میں اوسط 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی سے گھریلو صارفین کے بل میں کتنی کمی ہوگی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

ذرائع کے مطابق 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں ایک ہزار 228 روپے تک کمی متوقع ہے، دو سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے بجلی ٹیرف میں 6 روپے 14 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی ہے، دو سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کا ماہانہ بل 2459 روپے آئے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے بل میں 3135 روپے کا ریلیف متوقع ہے، تھری فیز میٹر تین سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بل میں 2172 روپے کمی متوقع ہے، اس وقت بجلی کے بلوں پر ٹی وی فیس، فنانس سرچارج، جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین 43 پیسے فنانس سرچارج، 35 روپے ٹی وی فیس اور 18 فیصد جی ایس ٹی ادا کرتے ہیں، جبکہ 300 اور زائد یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین 3 روپے 22 پیسے فنانس سرچارج ادا کرتے ہیں، 35 روپے ٹی وی فیس اور 18 فیصد جی ایس ٹی کی ادائیگی بھی کرتے ہیں، 25 ہزار اور زائد بل آنے پر گھریلو صارفین سے 7.5 فیصد انکم ٹیکس بھی وصول کیا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں لائف لائن صارفین کے پہلے 200 یونٹ تک بجلی نرخ میں کوئی کمی نہیں ہوئی، پروٹیکٹڈ پہلے 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارف کے بجلی نرخ 8 روپے 52 پیسے مقرر ہے، 100 یونٹ پروٹیکٹڈ صارف کا کمی سے پہلے بجلی نرخ 14 روپے 67 پیسے تھا جبکہ 101 سے 200 یونٹ پروٹیکٹڈ صارف کا بجلی نرخ کمی کے بعد 11 روپے 51 پیسے مقرر ہے، 101 سے 200 یونٹ پروٹیکٹڈ صارف کا کمی سے پہلے بجلی نرخ 17 روپے 65 پیسے فی یونٹ تھا۔

مزید برآں 300 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارف کا بجلی نرخ 41 روپے 26 پیسے سے کم ہو کر 34 روپے تین پیسے مقرر کر دیا گیا، 300 یونٹ اور ٹی او ویو صارف کیلئے بجلی نرخ 55 روپے 70 پیسے سے کم ہو کر 48 روپے 46 پیسے مقرر ہو گیا۔