اسلام آباد: ( دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی آمدن میں برآمدات سے اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات سہولت سکیم (EFS) کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں برآمدات سہولت سکیم کو مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کا اس سے استفادہ یقینی بنانے کیلئے قائم کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدی صنعتوں کے خام مال اور مشینری کی درآمد پر سہولت کیلئے سکیم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پر شعبے کے ماہرین سے مزید مشاورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ کمیٹی مزید مشاورت سے عبوری سفارشات کو حتمی شکل دے کر رپورٹ جلد پیش کرے، آئندہ بجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے، مقامی صنعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور برآمدی صنعت سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔