پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان

Published On 13 April,2025 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بڑی کمی کے بعد پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل 64.71 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے جس کے بعد پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ہے۔

پٹرول اور ڈیزل سستا کرنا ہے یا بجلی؟ وزارت خزانہ نے اس پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی جگہ لیوی بڑھا کر بجلی سستی کرنی کی تجویز بھی زیرغور ہے، پٹرولیم لیوی 10 روپے بڑھا کر بجلی 7 سے 8 روپے فی یونٹ سستی ہو سکتی ہے، بجلی سستی ہونے سے گرمیوں میں عوام کو زیادہ ریلیف ملے گا، جبکہ لیوی بڑھانے سے پٹرول نرخ تبدیل نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ اس وقت حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر 70 روپے فی لٹر لیوی عائد ہے، حکومت نے 31 مارچ کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بارے حتمی فیصلہ 15 اپریل تک ہوگا۔