وزیر خزانہ کی سعودی آئل سہولت کے تحت واجب الادا رقم کی فوری ادائیگی کی درخواست

Published On 23 April,2025 11:26 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او سے ملاقات میں درخواست کی ہے کہ سعودی آئل سہولت کے تحت واجب الادا رقوم کی فوری ادائیگی کی جائے۔

وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں دورے کے دوران سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او سے ملاقات کی جس میں انہوں نے درخواست کی کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ این 25 منصوبے کیلئے سرمایہ کاری کرے اور سعودی آئل سہولت کے تحت واجب الادا رقوم کی فوری ادائیگی کی جائے۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے تیل کی ترسیل کے شواہد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور دونوں فریقوں نے ملاقات میں موجودہ منصوبہ جات کا جائزہ لیا۔

وزیر خزانہ کی جانب سے سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو سلطان بن عبدالرحمان کو معاشی استحکام سے آگاہ کیا گیا، محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کے دورے اور العُلا میں منعقدہ کانفرنس کا حوالہ بھی دیا اور سعودی وزیر خزانہ سے ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بی نیگیٹو کر دیا ہے اور پاکستان کو مستحکم آؤٹ لک دی ہے، انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ سرمایہ کاری پر بریفنگ بھی دی اور نجی سطح پر بزنس ٹو بزنس بڑھتی سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔

دریں اثنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں سعودی تعاون کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔