ٹیکس لا ترمیمی آرڈیننس سے ایف بی آر کے اختیارات میں اضافہ

Published On 04 May,2025 03:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹیکس لا ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا جس سے ایف بی آر کے اختیارات میں اضافہ ہو گیا ہے، ٹیکس ریکوری کیلئے اکاؤنٹ فوری منجمد کرنے کا اختیار ایف بی آر کو دے دیا گیا ہے۔

آرڈیننس کے تحت عدالتوں، فورم یا اتھارٹی کے فیصلے کے بعد ٹیکس ادائیگی فوری کی جائے گی یا انکم ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے نوٹس اجرا کے بعد متعلقہ مدت میں ٹیکس ادائیگی کی جائے گی، فیصلے کے بعد واجب الادا ٹیکس فوری یا انکم ٹیکس اتھارٹی کے نوٹس کے اندر وصول کیا جائے گا۔

نئے آرڈیننس کے تحت ترمیم کے تحت ایف بی آر یا چیف کمشنر ان لینڈریونیو کسی افسر یا متعلقہ اہلکار کو کسی بھی شخص یا گروہ کی جگہ تعینات کر سکتا ہے تاکہ وہ اس کی پیداوار کی نگرانی، مال کی سپلائی، سروس کی فراہمی یا ایسے مال کی نگرانی کرسکےجو فروخت نہ ہو۔

فیڈرل ایکسائز ایکٹ میں ترمیم کے تحت جس مال پر ٹیکس اسٹیمپ یا بارکوڈ، لیبل نہ لگا ہو، اسے ضبط کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آرڈیننس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں تین ترامیم کی گئی ہیں جبکہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں بھی متعدد ترامیم کی گئی ہے۔