آئندہ بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4.4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز

Published On 19 May,2025 10:28 am

اسلام آباد : (مدثر علی رانا) آئندہ مالی سال 2025-2026ء کیلئے بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4.4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں زرعی شعبے کا ہدف 4.8 فیصد ، صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.8 فیصد اور خدمات کے شعبے کا ہدف 4.3 فیصد رکھنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

نئے مالی سال کے معاشی اہداف کی تجاویز پہلے اے پی سی سی میں پیش کی جائیں گی، اے پی سی سی 26 مئی کو ہو گی جبکہ معاشی اہداف کی حتمی منظوری قومی اقتصادی کونسل سے لی جائے گی۔

واضح رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کیلئے معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا ہوا ہے، رواں مالی سال کیلئے زرعی شعبے کی پیداوار کا ہدف 2 فیصد مقرر ہے۔

دستاویز کے مطابق جاری مالی سال کیلئے صنعتی شعبے کا پیداواری ہدف 4.4 فیصد رکھا گیا جبکہ رواں مالی سال خدمات کے شعبے کا پیداواری ہدف 4.1 فیصد مقرر ہے۔