بجلی ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

Published On 21 May,2025 09:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔

بجلی کے نرخ بڑھانے کیلئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 29 مئی کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

درخواست گزار کے مطابق اپریل میں 10 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اسی ماہ بجلی کمپنیوں کو 10 ارب 19 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی ہے۔

سی پی پی اے نے کہا بجلی کی فی یونٹ لاگت 8.94 پیسے جبکہ ریفرنس لاگت 7.68 روپے تھی، اپریل میں پانی سے 21.94 فی صد، مقامی کوئلے سے 14.51 فیصد بجلی پیدا کی گئی، درآمدی کوئلے سے 10.02، فرنس آئل سے 0.97 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق مقامی گیس سے 8.01 درآمدی ایل این جی سے 20.52 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اپریل میں جوہری ایندھن سے 17.91 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔