اسلام آباد:(دنیا نیوز) مہمند ڈیم منصوبے نے اہم سنگ میل عبور کرلیا، منصوبے میں مین ڈیم کی تعمیر شروع ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے ریور ڈائیورشن، ڈیم فاؤنڈیشن سمیت دیگر اہداف پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں، ڈیم کی تکمیل 28-2027 میں شیڈول ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو اور چیئرمین واپڈا نے ڈیم سائٹ کا دورہ کیا اور مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا نے وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی 14 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے، سائٹس میں ڈائیورشن سسٹم، اِن ٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاؤس شامل ہیں، پانی اور بجلی کی ضروریات کا ادراک ہے، زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔
میاں محمد معین وٹو کا اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کی تکمیل سے پانی اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مددملے گی، امید ہے واپڈا زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائے گی، منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزارت آبی وسائل ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آبی وسائل 213 میٹر بلند مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے، جس کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے، مہمند ڈیم کی بدولت 18 ہزار ایکڑ سے زائد نئی اراضی سیراب ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم ہوگا، مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ بجلی فراہم ہوگی۔