پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

Published On 01 October,2025 09:43 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹ رہنماء و پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کا ردعمل آ گیا۔

اپنے بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے اور پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے اضافے کو مسترد کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نا قابلِ قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اضافے کے ردعمل میں کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہیں، حکومت مکمل کنفیوژن کا شکار ہے، اور فیصلے بغیر کسی واضح پالیسی کے کئے جا رہے ہیں، ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکس کی مد میں پہلے ہی ٹرانسپورٹرز کی چمڑی اتاری جا رہی ہے، آئے دن ڈیزل پٹرول کی قیمت میں اضافہ ٹرانسپورٹرز میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز مزید اس طرح کے نقصانات کے مزید متحمل نہیں ہوسکتے، حکومت فیصلہ کر لے کہ ٹرانسپورٹرز کو جینے دینا ہے یا نہیں، حکومت نے ملک  کی تمام انڈسٹریز تباہی کر دی، کاروباری طبقہ اپنا سرمایہ لے کر ملک چھوڑ کر جا رہا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ کرائے بڑھا دینا مسئلہ کا حل نہیں، مہنگائی کا بوجھ آخر میں عوام کے کاندھوں پر آتا ہے، ٹرانسپورٹر یونینز بہت جلد ایک اہم اور بڑا فیصلہ کرنے جا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔