رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تجارتی خسارہ 38 فیصد بڑھ گیا

Published On 05 November,2025 11:25 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) پاکستان کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں 38 فیصد سے زائد بڑھ گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2025 کے دوران تجارتی خسارہ 12 ارب 58 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں یہ خسارہ 9 ارب 11 کروڑ ڈالر تھا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی چار ماہ میں ملک کی برآمدات میں 4 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی، جولائی سے اکتوبر کے دوران برآمدات کا حجم 10 ارب 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا، دوسری جانب درآمدات میں 15.13 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور درآمدات 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں برآمدات 14 فیصد اضافے کے ساتھ 2.84 ارب ڈالر رہیں جبکہ ستمبر کی نسبت اکتوبر میں تجارتی خسارے میں 4.21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اکتوبر کے ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 3.20 ارب ڈالر رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں درآمدات 3.57 فیصد کم ہوئیں تاہم اکتوبر 2025 کی نسبت گزشتہ ماہ برآمدات میں 4.46 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

ماہرین کے مطابق درآمدات میں مسلسل اضافے اور برآمدات میں کمی ملکی معاشی دباؤ میں اضافہ کا باعث بن رہی ہیں۔