پنجاب حکومت کی دھمکی کام کر گئی، 27 ملوں نے کرشنگ شروع کر دی

Published On 16 November,2025 08:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) کین کمشنر پنجاب نے کرشنگ شروع نہ کرنے والی ملوں کے خلاف آج سے ایکشن شروع کرنے کا اعلان کردیا، 27 ملوں نے کرشنگ شروع کر دی۔

 حکومت پنجاب نے کرشنگ شروع کرنے کے لیے 15 نومبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

کین کمشنر پنجاب کا بتانا ہے کہ پنجاب کی 27 شوگر ملوں نے کرشنگ شروع کردی ہے جبکہ باقی 14 ملوں کو آج چیک کر کے کارروائی شروع کریں گے۔

 ان کا کہنا ہے کہ آج سے کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف ایکشن پلان تیار ہے اور کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگرملز کو 10 لاکھ روپے یومیہ جرمانہ ہوگا۔

کین کمشنر کے مطابق کرشنگ سیزن میں مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، کسانوں کو بروقت گنے کی ادائیگی بھی یقینی بنائیں گے جب کہ بازار میں نئی چینی سپلائی آنے سے قیمت بھی کم ہو گی۔

ادھر کسان اتحاد کے چیئر مین خالد باٹھ کا کہنا ہے کہ مل مالکان کرشنگ میں تاخیر کر کے گنا سستے داموں خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت ملک بھر میں چینی 200 سے 229 روپے فی کلو میں فروخت ہوہی ہے۔

کین کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ کسانوں کو گنے کی قیمت کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔