اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کی ہدایت پر ریلوے سیلونز کے کرایوں میں واضح کمی کر دی گئی۔
کراچی سے راولپنڈی ریلوے سیلون کا کرایہ 5 لاکھ روپے سے کم کر کے 1 لاکھ 72 ہزار کر دیا گیا، کراچی سے لاہور کا کرایہ 4 لاکھ 20 ہزار روپے سے کم کر کے ڈیڑھ لاکھ کر دیا گیا۔
لاہور سے راولپنڈی ریلوے سیلون کا کرایہ 1 لاکھ 5 ہزار روپے سے کم کر کے 44 ہزار کر دیا گیا۔
سیلون کی بکنگ ڈویژنل دفاتر سے بھی کی جا سکے گی، ہیڈکوارٹرز سے بکنگ کیلئے چیف کمرشل منیجر کے دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے پولیس کی کارکردگی پر جامع بریفنگ پیش کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ ریلوے کی ہدایات کے مطابق ٹکٹ چیکنگ مہم کو مزید سخت اور مؤثر بنا دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے واضح کیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور ایسا سفر کرانے والا دونوں قانون کے مطابق جیل بھیجے جائیں گے، لہٰذا بغیر ٹکٹ سفر کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی برقرار رکھی جائے۔
اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ریلوے پولیس نے چوری، سمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں، جبکہ وزیر کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ مہم بھی پوری طرح فعال ہے اور ریلوے کی زمینوں پر برسوں سے قائم تجاوزات کے خاتمے کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریلوے کی ملکیتی زمین کا ہر انچ واگزار کرایا جا رہا ہے۔



