کراچی: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 3 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی امید ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں بھی کمی کا اعلان کرے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
انہوں نے پنجاب حکومت کے نئے آرڈیننس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قانون کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، آرڈیننس کی آڑ میں ٹریفک پولیس اور وارڈن پولیس ٹرانسپورٹرز کے ساتھ زیادتیاں کر رہی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں پر بلاجواز ایف آئی آرز اور بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں جس کے باعث ٹرانسپورٹرز جلد ہی اپنی گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔



