حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

Published On 17 December,2025 09:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان جاری گفت‌ و ‌شنید کامیاب رہی ہے، جس کے بعد ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد نے گلبائی ٹرک اڈے پر پریس کانفرنس میں کہاکہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی بنیاد پر ہڑتال ختم کی جا رہی ہے اور ہمارے تمام اہم مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں قریباً 10 روز تک جاری رہنے والی ہڑتال کے دوران صنعتوں تک خام مال کی رسائی معطل رہی، جس کے باعث کاروباری شعبے کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا، حکومت نے مختلف امور پر لچک دکھائی اور نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی ہڑتال ختم کر دی گئی۔

دوسری جانب ہڑتال کے خاتمے پر صنعتی حلقوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، اب ہڑتال ختم ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کے معمولات بحال ہو گئے ہیں اور صنعتیں دوبارہ سرگرمیوں کا آغاز کررہی ہیں۔

آئرن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حماد پوناوالا نے کہا کہ ہڑتال کے دوران خام مال کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی صنعتیں بند ہونے کے خطرے میں تھیں اور لوہے کے تاجروں سمیت دیگر تجارتی شعبوں کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔