اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے امداد، تحائف اور ترسیلات زر پر انحصار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ہاؤس ہولڈ اکنامک سروے کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے امداد پر انحصار میں 115 فیصد اضافہ ہوا ہے، امداد اور تحائف پر انحصار پانچ سال میں 2.12 فیصد سے بڑھ کر 4.57 فیصد تک پہنچ گیا ہے، اسی طرح گھریلو اخراجات کے لیے ترسیلات زر پر انحصار میں 57 فیصد اضافہ ہوا جو 4.96 فیصد سے بڑھ کر 7.77 فیصد ہو گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں 50.27 فیصد افراد کی آمدن کا ذریعہ تنخواہ ہے جبکہ 20.36 فیصد افراد کا انحصار غیر زرعی سرگرمیوں پر ہے، دیہی علاقوں میں فصلیں 11.73 فیصد آمدن کا ذریعہ ہیں جبکہ لائیوسٹاک سے حاصل ہونے والی آمدن کا حصہ 94.11 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پنشنز اور سوشل انشورنس پر انحصار میں بھی 45 فیصد اضافہ ہوا جو 3.01 فیصد سے بڑھ کر 3.80 فیصد ہو گیا ہے، اسی عرصے میں غیر زرعی سرگرمیوں پر انحصار میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا جو 15.91 فیصد سے بڑھ کر 16.25 فیصد تک پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ اور مہنگائی کے باعث گھریلو آمدن کے روایتی ذرائع میں تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔



