اسلام آباد: (دنیا نیوز) یکم جنوری سے بجلی کے اوسط بنیادی نرخ میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز کی درخواست پر بجلی کے بنیادی ٹیرف پر فیصلہ جاری کر دیا، فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے، جس کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق یکم جنوری سے بجلی کا اوسط ٹیرف 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے، اس وقت ملک میں نافذ العمل فی یونٹ بجلی کے بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے ہیں، نیپرا کا متعین کردہ نیا ٹیرف موجودہ ٹیرف سے ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔
رواں سال کیلئے ڈسکوز کی مجموعی مالی ضرورت کا تخمینہ 3 ہزار 379 ارب روپے لگایا گیا ہے، مالی ضروریات میں 2 ہزار 923 ارب روپے بجلی کی خریداری کی قیمت ہے، جبکہ 456 ارب 15 کروڑ روپے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے اخراجات ہیں جس میں منافع شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق رواں سال بجلی کی سالانہ فروخت کا تخمینہ 101 ارب یونٹ لگایا گیا ہے، یکساں ٹیرف کی درخواست دائر کرنے کیلئے فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی 93 پیسے سستی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
نیپرا کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بجلی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بلوں میں ریلیف ملے گا جبکہ لائف لائن صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔



