خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ہوگا اور آئندہ دس سال میں ملکی برآمدات 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان میں اس ہدف کو حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کے لیے جامع منصوبہ بندی، مؤثر پالیسیوں اور مختلف شعبوں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں میں تبدیلیوں نے ملک کی معاشی منصوبہ بندی کو متاثر کیا ہے۔ معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور سیاسی استحکام کو یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک مربوط ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس نظام ناگزیر ہے۔ سڑکوں، ریلوے، بندرگاہوں اور فضائی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کیے بغیر برآمدات میں مطلوبہ اضافہ حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ لاجسٹکس کے نظام میں تاخیر سے برآمدات کی لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت متاثر ہوتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ نقل و حمل اور سامان کی ترسیل کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں تک کم وقت اور کم لاگت میں پہنچ سکیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر نے اس عزم پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافے، پالیسیوں کے تسلسل اور سیاسی استحکام کے ذریعے پاکستان اپنی معاشی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔