پاکستان روس اقتصادی تعلقات میں پیشرفت، تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق

پاکستان روس اقتصادی تعلقات میں پیشرفت، تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق

روسی دارالحکومت ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے بین الحکومتی کمیشن کا گیارہواں اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف نے کی۔

25 نومبر کو جاری کردہ تفصیلی پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے اختتام پر بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک کے اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔

آزاد تجارتی معاہدہ اور سرمایہ کاری

پاکستان اور روس نے پاکستان اور یوریشین اقتصادی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کی تکمیل کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ماسکو ایکسپورٹ سینٹر ترجیحی شعبوں میں دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دیں گے، دونوں ممالک نے اپنے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مراعات سے متعلق معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔

توانائی، تیل و گیس اور ایل این جی

اجلاس میں توانائی کے شعبے میں تعاون کو خصوصی اہمیت دی گئی، دونوں ممالک نے تیل و گیس کی تلاش، مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی اور گیس کی تقسیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اپنے خشکی اور سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے روسی کمپنیوں کو آگاہ کرے گا۔

دونوں ممالک توانائی کے مؤثر استعمال کے معیارات اور کم توانائی استعمال کرنے والے کولڈ سٹوریج مراکز کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے۔

صنعت، معدنیات اور ادویہ سازی

صنعتی شعبے میں دونوں ممالک نے دھات سازی، بھاری گاڑیوں، زرعی مشینری اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی۔

صحت اور ادویہ سازی کے شعبوں میں انسولین کی مقامی سطح پر پیداوار، ادویات کی طبی آزمائشوں اور ادویات کی رجسٹریشن کے طریقۂ کار کو آسان بنانے کے حوالے سے تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

زراعت اور غذائی تحفظ

دونوں ممالک نے زرعی تجارت میں اضافے کے ساتھ مویشیوں کی افزائش نسل، جانوروں کی ویکسین، ماہی گیری، آبی حیات کی افزائش اور زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

پاکستان سے روس مال بردار ٹرین

پاکستان اور روس نے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں تعاون بڑھاتے ہوئے پاکستان سے روس کے لیے پہلی آزمائشی مال بردار ٹرین جلد چلانے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پاکستان ریلوے کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید ذہین ٹرانسپورٹ نظام اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے شعبوں میں بھی تعاون کریں گے۔

پاکستانی طلبہ کے لیے روسی اسکالرشپس میں اضافہ

اجلاس میں تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی تعاون کے شعبوں میں بھی اہم پیش رفت ہوئی۔

دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، سائنسی و تکنیکی تعاون اور تعلیمی اسناد کو تسلیم کرنے سے متعلق تین بین الحکومتی معاہدوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستانی اور روسی یونیورسٹیوں کے درمیان نئی شراکت داریوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے روسی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکالرشپس کے کوٹے میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

روسی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی، اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے کامیاب اختتام کو پاکستان کی اقتصادی اور توانائی شراکت داری میں تنوع اور وسعت لانے کی کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ 2026 سے 2030 تک کے اقتصادی تعاون کا پروگرام پاکستان میں روسی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، خصوصاً توانائی، صنعت اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو بھی مزید مواقع میسر آئیں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو عملی اقتصادی فوائد میں تبدیل کرنا، توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانا، صنعتی ترقی کو فروغ دینا اور علاقائی رابطوں کو وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان باہمی مفادات پر مبنی ایسی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جو ملک کی طویل مدتی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو۔

مالیاتی لین دین کی رکاوٹیں دور کرنے میں اہم پیش رفت

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مالیاتی لین دین کی رکاوٹیں دور کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، صنعتی تعاون، اسٹیل اور دیگر مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایسا مالیاتی نظام قائم کرنا ضروری ہے جو دونوں ممالک کے لیے محفوظ اور قابلِ عمل ہو۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ جب تک مالیاتی لین دین کی رکاوٹیں دور نہیں ہوتیں، دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کی رفتار سست رہے گی، تاہم روسی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اس حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مختصر مدت میں دوگنا بلکہ چار گنا تک بڑھایا جاسکتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اس کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

ہارون اختر خان نے بتایا کہ مالیاتی مسائل کے حل کے لیے روڈ میپ تیار کرلیا گیا ہے، اقدامات کی تکمیل کی مدت کا تعین بھی کردیا گیا ہے اور ملاقات کے فوراً بعد اس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

مالیاتی لین دین کے چار ممکنہ طریقے منتخب، امداد اللہ بوسال

پاکستان کے وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سے چار ماہ کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان مالیاتی لین دین کے مختلف طریقۂ کار اور تجاویز پر مذاکرات جاری رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دو روز قبل ہونے والے مذاکرات میں مختلف تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد چار ممکنہ آپشنز منتخب کیے گئے ہیں، جن پر آئندہ دنوں میں مزید کام کیا جائے گا۔

امداد اللہ بوسال نے کہا کہ مرکزی بینک آئندہ چند روز میں متعلقہ تجاویز پر اپنا جواب دے گا، جبکہ دیگر آپشنز پر دونوں ممالک کے متعلقہ حکام قریبی تعاون کے ذریعے کام کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان اور روس کے درمیان مالیاتی لین دین کے لیے ایک پائیدار اور قابلِ عمل طریقۂ کار کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

مالیاتی تجاویز کی ترجیحات کا تعین کرلیا گیا، جمیل احمد

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مالیاتی لین دین کے لیے زیر غور مختلف تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد ان کی ترجیحات کا تعین کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ترجیحی آپشن پر کام کیا جائے گا، جس کے بعد دیگر آپشنز کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ آئندہ چند روز میں متعلقہ حکام کے ساتھ مزید رابطوں کے بعد اس عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی وزیر برائے اقتصادی امور نے کہا کہ زیر بحث مسئلے کے حل سے متعلق معاملے کو بین الحکومتی کمیشن کے پروٹوکول میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور روس کے درمیان موجود مثبت ماحول اور باہمی مفاہمت کے جذبے کے تحت اس مسئلے کو حل کرلیا جائے گا۔

ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط

بین الحکومتی کمیشن نے قدرتی آفات سے نمٹنے، ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے عوامی سطح پر روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان اور روس کے وزرائے توانائی نے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق 2026 سے 2030 تک کے اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی اقتصادی تعاون کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے اور دوطرفہ تعلقات میں موجود وسیع امکانات کو عملی اور باہمی فائدہ مند نتائج میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کا بارہواں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔