آسٹریلیا کی محتاط بیٹنگ، پاکستان کو جیت کیلئے 256 کا ٹارگٹ

Published On 07 Oct 2014 07:53 PM 

شارجہ ون ڈے میں آسٹریلوی بلے بازوں کی محتاط بیٹنگ، سمتھ کے شاندار 101 رنز، پاکستان کو جیت کیلئے 256 رنز کا ٹارگٹ دیدیا۔

شارجہ: (دنیا نیوز) شارجہ میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پاکستانی فاسٹ بائولر محمد عرفان کی ایک گیند پر ایرون فنچ بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور سمتھ نے محتاظ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کے سکور کو ایک وکٹ کے نقصان پر 86 رنز پر پہنچایا تاہم ڈیوڈ وارنر 43 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلوی ٹیم کا سکور 123 پر پہنچا تھا کہ فواد عالم نے کپتان جارج بیلی کو کیچ آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد میکسویل ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ذوالفقار بابر کی گیند پر محمد عرفان کے ہاتھوں بائونڈری کے قریب کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر جیمز فالکنر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایس پی ڈی سمتھ نے شاندار اننگز کھیلی اور 118 گیندوں پر 101 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ بھی شاہد آفریدی کے حصے میں آئی۔ ایبٹ بیٹنگ کے لئے آئے تاہم 3 رنز پر وہاب ریاض نے انھیں آؤٹ کر دیا۔ اننگز کا آخری اوور پاکستانی ٹیم کیلئے انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔ وہاب ریاض نے اپنے اس اوور میں 17 رنز دیے جس میں مچل جانسن کی چوکوں کی ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی تاہم سیکنڈ لاسٹ گیند پر وہاب ریاض نے انھیں بولڈ کر دیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 3، وہاب ریاض 2 جبکہ محمد عرفان، ذوالفقار بابر اور فواد عالم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔