لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں بریسٹ کینسر کے مریضوں میں اضافہ کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی۔
قرارداد اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے پیش کی تھی، جس کے متن میں بتایا گیا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں بریسٹ کینسر کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ہر آٹھ میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کا شکار ہو رہی ہے۔
متن میں یہ لکھا گیا کہ اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے سے اموات کا سلسلہ بھی بڑھ رہا ہے، صوبہ پنجاب کی13 کروڑ آبادی ہےاور کینسر کے مریضوں کے لیے سرکاری سطح پر سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کے لیے صرف 410 بیڈز موجود ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ بریسٹ کینسر کے علاج و معالجہ کے لیے جدید مشینری کی بھی شدید قلت ہے، کینسر کے مریضوں کو سرکاری سطح پر علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ بروقت تشخیص کر کےمختلف اقسام کے کینسر میں اضافے اور اموات کی شرح میں کمی آسکے۔