گورنر پنجاب سے صدر روٹری انٹرنیشنل کے وفد کی ملاقات، انسداد پولیو بارے تبادلہ خیال

Published On 27 May,2025 05:57 pm

لاہور:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں سری لنکا سے روٹری انٹرنیشنل کے صدر کے خصوصی مشیر پبو ڈو ڈی زوئیسا Pubudu De Zoysa کی قیادت میں روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں روٹری انٹرنیشنل کی سینٹرل زون کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہینہ آصف چودھری، روٹری کلب آف کولمبو کے رکن روٹیرین کرش فرنینڈو شامل تھے۔

سردار سلیم حیدر خان نے روٹری انٹرنیشنل اور پاکستان کے تمام روٹری کلبز کی تعلیم، صاف پانی، ماحولیات اور صحت کے شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے روٹری انٹرنیشنل کی کوششیں اور عزم قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو پولیو فری بنانے کے لیے پرعزم ہے، روٹری انٹرنیشنل اور روٹری کلبز صوبہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم کے شعبے میں معاونت کے لیے اپنے پروگراموں کو مزید وسعت دیں۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ 200 سے زائد ممالک کے روٹری کلبوں کے 1.2 ملین ممبران اپنی کمیونٹیز کی ترقی کے لیے عزم رکھتے ہیں۔

ملاقات کے آخر میں گفتگو کرتے ہوئے پبو ڈو ڈی زوئیسا نے کہا کہ مقامی حکومتوں، ڈبلیو ایچ او اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے دنیا کو پولیو سے پاک کرنا روٹری انٹرنیشنل کا ترجیحی منصوبہ ہے۔