لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی ترکیہ اور آذربائیجان ک سفیروں سے ملاقات ہوئی۔
ترکیہ کے سفیر عرفان نزیر اوغلو اور آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف نے گورنر پنجاب کو بھارت کے خلاف جنگی اور شاندار سفارتی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، تمام سیاسی جماعتوں نے یہ ثابت کیا کہ ملک کی خاطر سب ایک پیج پر ہیں، پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت نے بغیر ثبوتوں کے پہلگام ڈرامہ کے الزامات لگائے، ہماری پاک فوج کے شاہینوں نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا کہ ان کے ہوش اڑا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میڈیا نے مثبت کردار ادا کر کے دنیا کو یہ بتا دیا کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹی خبروں کے ذریعے دنیا کو گمراہ کیا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے مگر اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔