لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیپلزپارٹی کے وفود کی ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقات کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ، رانا فاروق، ایم پی اے ممتاز چانگ اور دیگر شامل تھے۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی بقاء کی جنگ پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گی، عالمی برادری پاکستان میں دہشت گردوں کو بھارت کی جانب سے مختلف اکاؤنٹس میں رقوم فراہمی پر نوٹس لے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انڈین آرمی پاکستان میں دہشت گردی کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، پاک فوج کے پاس پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس میں ہونے والی دہشت گردی واقعہ میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے، پاکستان ایک جدید ایٹمی پاور ہے جس کا خوف مودی کو سونے نہیں دیتا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں سے ڈرنے والا ملک نہیں، پاکستان پر کوئی جارحیت کی گئی تو بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں صرف پیپلز پارٹی نہیں بلکہ بلاتفریق تمام سیاسی جماعتوں کے ورکروں کے لئے بیٹھا ہوں۔