لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شاہ پور کانجراں میں ملک کی سب بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ کا دورہ کیا اور ماڈل کیٹل میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ماڈل کیٹل مارکیٹ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔
سی ای او تاثر احمد نے بتایا کہ لاہور مویشی منڈی شاہ پور کانجراں کی بولی میں رواں سال کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہوا، لاہور مویشی منڈی کا سالانہ ٹھیکہ گزشتہ سال کی نسبت کم ہوگیا، لاہور مویشی منڈی شاہ پور کانجراں کے ٹھیکے میں 49 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، گزشتہ سال 1 ارب 99 کروڑ جبکہ اس سال ٹھیکہ کم ہو کر 1 ارب 50 کروڑ روپے میں دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کی شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ میں 25 ہزار بڑے جانور اور ڈیڑھ لاکھ چھوٹے جانور کی گنجائش ہوگی، 74 ایکڑ رقبے پر قائم ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کیلئے 20 بڑے شیڈ بنائے گئے ہیں، پہلی مرتبہ جانوروں کے شیڈ میں پنکھے بھی لگائے گئے ہیں۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے قرنطینہ سینٹر بھی بنایا گیا، مویشیوں کے بیوپاریوں کے لئے 20 بڑے رہائشی کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مسجد، واش روم، ویٹرنری کلینک، ٹک شاپ، بنک اور اے ٹی ایم بھی ہو گی، مویشیوں کی نقل و حمل میں آسانی کے لئے لوڈنگ، ان لوڈنگ بے اور ٹرک سینٹر بھی موجود ہیں۔
دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ ماڈل کیٹل مارکیٹ میں وسیع پارکنگ، پولیس چوکی اور وسیع وعریض اوپن ایریا بھی موجود ہے، ماڈل کیٹل مارکیٹ میں اکشن بے بھی قائم کیا گیا ہے اور جدید ترین سلاٹر ہاؤس بھی موجود ہے، پنجاب کی دوسری بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ جھنگ میں بنائی جائے گی۔
آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈل کیٹل مارکیٹ پراجیکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شیلڈیں بھی دیں۔