تیسری قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، ساڑھے 4 کروڑ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

Published On 25 May,2025 10:27 am

اسلام آباد : (دنیا نیوز) سال 2025 کی تیسری قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا، ساڑھے 4 کروڑ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔

حکام کے مطابق قومی انسداد پولیو مہم 26 مئی سے 1 جون تک جاری رہے گی، 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا، مہم کا مقصد پاکستان سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے، سرحدی علاقوں اور خانہ بدوش آبادیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ترجیح اور اجتماعی ذمہ داری ہے، مہمات کا تسلسل قوتِ مدافعت بڑھانے اور وائرس کی روک تھام کے لیے ضروری ہے۔

عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی لازمی دیں۔

افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان اور نیشنل ای او سی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔