دبئی: (دنیا نیوز) پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے تھے جسے کنگز نے آخری اوور میں حاصل کیا۔
کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم کو شکست دیدی ہے۔ کنگز کو 132 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے آخری اوورز میں حاصل کیا۔ نمایاں بلے بازوں میں جووئے ڈینلے 29، بابر اعظم 28، کولن انگرام 23 اور محمد رضوان 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان عماد وسیم نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکا مار کر ہدف پورا کرایا۔
زلمی کی جانب سے نوجوان باؤلر ابتسام شیخ اور کرس جورڈن نے دو، دو جبکہ محمد اصغر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کیخلاف بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل میدان میں اترے لیکن خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ تمیم اقبال صرف 11 جبکہ کامران اکمل صرف 14 رنز بنا سکے۔
اس کے بعد ڈیوین سمتھ نے میدان سنبھالا اور انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور تک شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سمتھ نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پشاور زلمی کے بیٹسمینوں کی ناقص بیٹنگ کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے گیند بازوں کی کارکردگی بہترین رہی جنہوں نے کسی بلے باز کا کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ کنگز کی جانب سے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹائمل ملز اور محمد عرفان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔