پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں جاری پیس کرکٹ لیگ فالکنز نے جیت لی، فائنل میچ کے مہمان خصوصی لاہور قلندرز نے پی ایس ایل فور میں پشاور میں میچ کروانے کی خواہش ظاہر کر دی۔
پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے گراؤنڈ پر جاری خیبرپختونخوا پیس کرکٹ لیگ کپ فالکنز کی ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں اسلامیہ کالج مارخور آخری اوور میں دو رنز سے ہار گئی۔فالکنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 185 رنز بنائے قومی ٹیم کے کھلاڑی رفعت اللہ مہمند 67 اور فخر زمان 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جواب میں اسلامیہ کالج مارخور نے سنسنی خیز مقابلہ کیا لیکن فالکنز نے صرف دو رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ فائنل کے مہمان خصوصی لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد تھے جن کا کہنا تھا کہ وہ اگلے پی ایس ایل میں پشاور میں قلندرز اور زلمی کا میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔ میچ کے اختتام پر مہمانان خصوصی ڈی جی سپورٹس جنید خان، ڈی جی یوتھ افئیرز اسفندیار خٹک اور رانا فواد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔