دبئی: (دنیا نیوز) دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن کینگروز پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکے، ان کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 136 بنا سکی۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری جب شارٹ رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے صرف دو رنز بنائے۔ آسٹریلوی ٹیم کا سکور ابھی 19 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ کرس لین بھی کیچ آؤٹ ہو گئے، شاداب خان نے ان کا انتہائی خوبصورت کیچ لیا اور شائقین کرکٹ سے داد وصول کی۔
اس کے بعد آسٹریلوی کپتان فنچ بھی پاکستانی گیند بازوں کا مقابلہ نہ کر پائے اور صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کی وکٹ بھی شاداب خان کے حصے میں آئی جبکہ فخر زمان نے کیچ لیا۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 61 رنز پر گری جب مچل مارش وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، یہ وکٹ بھی شاداب خان کے حصے میں آئی۔ اس کے فوری بعد پانچویں وکٹ بھی گر گئی جب ایلکس کیری صرف ایک رن بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔
کینگروز کو چھٹا نقصان 76 رنز پر اٹھانا پڑا جب بین میکڈرموٹ ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، فخر زمان نے انتہائی خوبصورت انداز میں انھیں رن آؤٹ کر کے پویلین پہنچایا۔
آخری اوورز میں جارحانہ انداز میں بیٹنگ کیلئے مشہور گلین میکسویل نے کلٹلر نائل کے ساتھ مل کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے میکسویل کے تین کیچ ڈراپ کر کے انھیں کھیلنے کا بھرپور موقع فراہم کیا جس کی وجہ سے وہ اپنی نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔
آخری اوور میں آسٹریلیا کو 23 رنز درکار تھے، کپتان سرفراز نے یہ اہم اوور نوجوان باؤلر شاہین آفریدی کو دینے کا فیصلہ کیا جن کی پہلی ہی گیند پر نائل نے زوردار چھکا مار کر اسے گراؤنڈ کے باہر پہنچا دیا۔
شاہین آفریدی نے دوسری گیند پر ایک رن دیا اور تیسری گیند کو گلین میکسویل کی جانب اچھالا جنہوں نے چھکا مارنے کی کوشش میں اسے شعیب ملک کے ہاتھوں میں تھما دیا۔ اس کے بعد نائل بھی کیچ دے کر پویلین لوٹے۔
یوں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 148 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی، پاکستان نے 11 رنز سے دوسرا ٹی ٹونٹی میچ جیتا۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین آفریدی نے دو، دو جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے فخر زمان اور بابر اعظم کو میدان میں اتارا، تاہم جلد ہی پاکستان کو جلد نقصان اٹھانا پڑا جب فخر زمان صرف 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد محمد حفیظ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر شاندار اننگز کھیلی اور قومی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ پاکستان کو دوسرا نقصان 99 کے سکور پر اٹھانا پرا جب محمد حفیظ بھی کیچ آؤٹ ہو کر میدان سے باہر ہو گئے۔
محمد حفیظ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کو تیسرا نقصان 106 رنز پر ہوا جب بابر اعظم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب اپنا کیچ دے بیٹھے۔ بابر اعظم نے 45 رنز بنائے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 117 رنز پر گری جب نوجوان بلے باز محمد آصف انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے صرف 9 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کو پانچواں نقصان شعیب ملک کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے بھی آخری اوورز میں انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اونچی شارٹ کھیلی اور کیچ آسٹریلوی فیلڈر کے ہاتھوں میں دیدیا، شعیب ملک نے صرف 14 رنز بنائے۔ اس کے فوری بعد حسن علی آئے اور صفر پر چلتے بنے، مچل مارش نے ان کا انتہائی خوبصورت کیچ لیا، پے در پے دو وکٹیں گرنے پر پاکستان کا سکور 131 تھا۔
یوں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کلٹلر نائل نے 3، سٹین لیک نے دو جبکہ شارٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے اپنی شاندار کارکردگی کے باعث آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دیدی تھی، آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف جیت کے لیے 156 رنز کا ہدف ملا لیکن جارحانہ پاکستانی بولنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ 88 رنز بنا کر ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
پاکستان کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں دو صفر سے واضح برتری اور کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔